Aaj Logo

شائع 21 نومبر 2022 03:37pm

بدین: گرلز اسکول کی چھت گرگئی، طالبات کو پورا اسکول زمین بوس ہونے کا خوف

سندھ کے شہر بدین میں گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کے کمرے کی چھت گرگئی، اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بار بار کہنے کے باجود کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

چھت گرنے کا واقعہ اسکول کے اوقات بعد پیش آیا، جس سے کسی بھی قسم کے جانی نقصان نہ ہوسکا۔

خستہ حالی کے باعث گورنمنٹ گرلز پرائمری اور ہائی اسکول صدیق کمھار محلہ کے کسی بھی وقت زمین بوس ہونے کا خدشہ ہے۔

اسکول کی طالبات کا کہنا ہے کہ ہم خوف کے مارے پڑھ بھی نہیں سکتے، اسکول کے آگے کچرے کا ڈھیر پڑا ہے، اسکول کا نہ تو دروازہ ہے اور نہ ہی بیت الخلاء، اوپر سے اب چھت بھی گر گئی۔

بارشوں کے بعد جہاں دیہی اسکول خستہ حالی کا شکار ہیں وہیں شہری اسکول بھی تباہ ہوچکے ہیں۔

کینٹ روڈ پر موجود گورنمنٹ کے گرلز پرائمری اور ہائی اسکولوں کی حالت اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں پانی بجلی، فرنیچر اور مین گیٹ تک موجود نہیں ہے۔

خستہ حال اسکولوں میں بچے خوف کے سائے میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں اور شکایات کے باوجود بھی اسکولوں کی حالت پر دھیان نہ دینا محکمہ تعلیم کی کوتاہیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Read Comments