مسلم لیگ (ن) نے انٹرا پارٹی انتخاب کے لئے 30 دسمبر تک مہلت مانگ لی، الیکشن کمیشن نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5جنوری تک ملتوی کردی۔
ممبر سندھ ناصر درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے ن لیگ انٹراپارٹی انتخابات کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت مسلم لیگ ن کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا کہ ہمیں انٹرا پارٹی انتخاب کے لیے 30 دسمبر تک مہلت دی جائے، پارٹی صدر کو کورونا ہو گیا ہے، جس کے باعث انٹرا پارٹی انتخاب نہیں ہو سکے۔
ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی نے ریمارکس دیے کہ آپ ہمیں انٹرا پارٹی انتخاب سے متعلق تحریری طور پر لکھ کر دیں۔
وکیل (ن) لیگ نے بتایا کہ 30 دسمبر کو یوم تاسیس ہے اور مرکزی کونسل کا اجلاس بھی ہے جس میں انٹرا پارٹی انتخاب کرائے جائیں گے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 5 جنوری تک ملتوی کردی۔