اسلام آباد کی ایک ضلعی اور سیشن عدالت نے پانچ بچوں کے باپ 38 سالہ ناصر حسین کو اپنے بچوں کے سامنے بیوی کو گلا کاٹ کر قتل کرنے کے الزام میں سزائے موت سنادی ہے۔
آج ڈیجیٹل کو موصول جج محمد عطاء ربانی کی جانب سے جاری 15 صفحات پر مشتمل حکم نامہ کے مطابق فیصلہ ناصر کے دو 12 اور 14 سالہ بیٹوں کی گواہیوں کو مدنظر رکھ کر سنایا گیا۔
مجرم ناصر سوزوکی گاڑی پر سامان لوڈنگ اور ترسیل کا کام کرتا تھا۔
درج شکایت اور عدالتی حکم کے مطابق مجرم منشیات کا عادی تھا۔
ناصر کی شادی تقریباً 18 سال قبل فرزانہ سے ہوئی اور دونوں کے پانچ بچے ہیں۔
فرزانہ مختلف گھروں میں ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔
شکایت کنندہ فرزانہ کے ماموں ناصر خان کے مطابق مجرم ان کی بھانجی کو مسلسل تشدد کا نشانہ بناتا تھا، جس کا اختتام فرزانہ کی موت پر ہوا۔
مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے 12 گواہوں کو پیش کیا جن میں ملزم کے دو بیٹے بھی شامل تھے جو واقعہ کے وقت موجود تھے۔
دیگر میں شکایت کنندہ ناصر، ہسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر جہاں پوسٹ مارٹم ہوا اور متعلقہ پولیس اہلکار شامل تھے۔
حکم کے مطابق، 14 اور 12 سال کے دونوں لڑکے اور ان کے کزن اسلام آباد کے نواحی علاقے ہمک میں اپنے کرائے کے مکان کے ایک ہی کمرے میں سو رہے تھے۔ جوڑے کے دیگر تین بچے اسلام آباد میں گھریلو ملازم کے طور پر کام کرتے تھے اور گھر پر موجود نہیں تھے۔
دونوں لڑکوں کی شہادتوں کے مطابق، وہ آدھی رات کے قریب بیدار ہوئے اور انہوں نے اپنی ماں کو چیختے اور جدوجہد کرتے سنا۔
انہوں نے دیکھا کہ ان کے والد نے ان کی ماں کا گلا چاقو سے کاٹا۔
گواہی کے مطابق ناصر نے پھر لاش کو لڑکوں کے ساتھ سوزوکی پر لادا اور پولی کلینک ہسپتال لے گیا۔
اس موقع پر پولیس ملوث ہوئی اور متاثرہ کے چچا کو اطلاع دی گئی۔
سہالہ پولیس جائے وقوعہ پر واپس آئی، جہاں لڑکوں نے قتل کی جگہ کی نشاندہی کی۔
پولیس نے قتل کے ہتھیار (چاقو) کے ساتھ ساتھ گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا جو لاش کو اسپتال پہنچانے کے لیے استعمال کی گئی تھی۔ ساتھ ہی خون آلود قالین بھی اٹھا لیا جس پر قتل ہوا تھا۔
ملزم کی خون آلود شلوار سمیت نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی (پی ایف ایس اے) کو بھجوا دیے گئے۔
پی ایف ایس اے کے جواب کے مطابق مذکورہ اشیاء پر انسانی خون کی نشاندہی کی گئی۔ تاہم، یہ واضح نہیں کیا کہ آیا یہ متاثرہ کے خون سے مماثل ہے۔
چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) ڈاکٹر شازیہ نذیر نے اپنی رپورٹ اور گواہی میں بتایا کہ چوٹ اور موت کے درمیان ممکنہ وقت 20 منٹ ہے۔ اہم زخم گردن پر 23 انچ (تقریباً دو فٹ) چوڑائی کا ایک چیرا تھا جس میں ٹریچیا کٹی ہوئی تھی۔ موت ”کیروٹائڈ شریانوں کے کٹنے اور ہائپووولیمک جھٹکے کی وجہ سے دماغ میں خون کی فراہمی میں کمی“ کے نتیجے میں ہوئی۔
رپورٹ اور گواہی میں مزید کہا گیا کہ واردات میں استعمال کیا گیا ہتھیار تیز دھار تھا۔
استغاثہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قتل کے ہتھیار اور دیگر شواہد کی برآمدگی سے گواہوں کے چشم دیدہ بیانات کی تائید ہوتی ہے۔
مدعا علیہ کے وکیل مرزا نزاکت بیگ نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف مقدمہ دو بچوں کے فراہم کردہ شواہد اور پولیس کی جانب سے برآمد کی گئی اشیاء پر مبنی ہے۔
انہوں نے پولیس کے اس دعوے کی تردید کی کہ جب چاقو اور خون آلود قالین برآمد ہوا تو بچے جائے وقوعہ پر موجود تھے۔
انہوں نے بریت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ”پوری کہانی قیاس پر مبنی ہے۔“ ۔
جج نے کافی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو سزائے موت سنائی اور ورثاء کو دو لاکھ روپے ادا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
سزائے موت کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی توثیق پر ہوتا ہے۔ مجرم سات دن کے اندر سزا کے خلاف اپیل کر سکتا ہے۔
رواں ماہ کے شروع میں، پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مسودے کے خلاف ووٹ دیا تھا جس میں سزائے موت پر روک لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
مذکورہ قرارداد جو اگلے ماہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں توثیق کے لیے پیش کی جائے گی، اس میں کی گئی ترمیم کے مطابق ”تمام ممالک کے بین الاقوامی قانون کی ذمہ داریوں کے مطابق، مناسب قانونی سزاؤں کا تعین کرنے سمیت، اپنے قانونی نظام کو تیار کرنے کے خود مختار حق“ کی توثیق کی گئی۔
بین الاقوامی فیڈریشن فار ہیومن رائٹس (ایف آئی ڈی ایچ) اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے 10 اکتوبر کو سزائے موت کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جانے پر ایک سمری جاری کی۔
جنوری 2015 سے اگست 2019 کے درمیان 2,454 افراد کو موت کی سزا سنائی گئی۔ اگست 2019 سے رواں سال اگست تک یہ تعداد گھٹ کر 615 رہ گئی۔
سمری میں بتایا گیا کہ پاکستان نے جنوری 2015 سے دسمبر 2019 تک سزائے موت کے 508 قیدیوں کو پھانسی دی ہے۔
”جنوری 2020 سے اگست 2022 تک، سزائے موت کے کسی قیدی کو پھانسی نہیں دی گئی۔“
اس میں مارچ 2019 کے بعد پاکستان کی گیارہ فوجی عدالتوں کے دائرہ اختیار کے خاتمے اور سپریم کورٹ کی جانب سے بری کیے جانے کی ممکنہ وجوہات کا حوالہ دیا گیا ہے۔
سمری میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں سب سے زیادہ افراد کو سزائے موت کا سامنا ہے۔ دسمبر 2021 کے آخر میں 1,143 قیدی سزائے موت پر تھے۔
پاکستان نے 2008 میں سزائے موت پر روک لگا دی تھی اور 2009 سے 2011 تک کسی کو پھانسی نہیں دی گئی، جبکہ 2012 میں ایک اور 2013 میں کسی کو سزائے موت نہیں دی گئی۔
یہ پابندی 2014 میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گرد حملے کے بعد اٹھائی گئی تھی، جس میں اسکول کے 132 بچوں سمیت 149 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
پاکستان میں 2014 میں سات، 2015 میں 326، 2016 میں 87، 2017 میں 65 اور 2018 میں 14 پھانسی دی گئی۔
پچھلے سال، سپریم کورٹ نے دو موت کی سزاؤں کو تبدیل کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ سنگین ذہنی صحت کے مسائل والے لوگوں کو سزائے موت نہیں دی جا سکتی۔
10 فروری 2021 کو جاری کردہ اپنے تاریخی فیصلے میں، سپریم کورٹ نے سنگین دماغی امراض میں مبتلا لوگوں کے لیے سزائے موت کے اطلاق پر پابندی لگا دی۔
فیصلے میں لکھا گیا، ”اگر کوئی سزا یافتہ قیدی، دماغی بیماری کی وجہ سے، اپنی سزا کے پیچھے دلیل اور وجہ کو سمجھنے سے قاصر پایا جاتا ہے، تو سزائے موت پر عمل درآمد انصاف کے تقاضے کو پورا نہیں کرے گا۔“
پاکستان میں کارکن طویل عرصے سے اس معاملے پر پولرائزڈ ہیں۔ پیڈو فائلوں اور سفاکانہ قتل میں ملوث افراد کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، بشمول ظاہر جعفر کا کیس۔
سزائے موت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگ اسے بنیادی انسانی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔