پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا، مجھے ان کی پلاننگ پتا ہے، میں آگے کی پلاننگ کر رہا ہوں۔
زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ یہ جس کوتعینات کریں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، یہ اب دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں، انہوں نے الیکشن کروانے ہیں تو فارغ ہوجائیں گے، الیکشن نہیں کرواتے تو ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہماری کوشش ہے جلد صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہو، نئے انتخابات کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ صدر مملکت کے ذریعے مجھے پیغامات بھجوائے گئے، میرا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دیں اس کے بعد ساری بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کرپشن کی داستانوں سے پوری دنیا واقف ہے، میرے خلاف گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، گھڑی والے معاملے پر بھی عدالت جارہا ہوں، یقین ہے عدالت میں یہ پراپیگنڈا ایکسپوز ہوجائےگا۔
عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف لندن کی عدالت میں بھی پھنس چکے ہیں، لگتا ہے یہ وہاں بھی آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کریں گے۔
راولپنڈی میں 26 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مرکزی، صوبائی اور مقامی ذمہ داران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
عمران خان کی جانب سے عوامی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے اہداف سونپ دیئے گئے ہیں۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر آن کھڑی ہے، قوم اپنی حقیقی آزادی اور حقوق کیلئے متحرک ہے، حقیقی آزادی کو جبر سے دبانے کی کوششیں ناکام ہوئی ہیں۔
چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 26 نومبر کو تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کی قیادت کروں گا، ذمہ داران ملک بھر سے قافلوں کی تیاری کا اہتمام کریں۔
عمران خان نے کہا کہ جمہوری جدوجہد سے حقیقی آزادی کی منزل حاصل کریں گے، 26 نومبر کو راولپنڈی میں مستقبل کی فیصلہ سازی کریں گے۔