اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان اور انہیں اسمگلنگ میں مدد دینے والے تمام ملوث کرداروں کے گرد قانون کا گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) حکومت سے فرح گوگی کا ٹریول ریکارڈ حاصل کرلیا جس کے مطبق فرح گوگی نے 2018 سے 2022 تک کئی بار خلیجی ملک کا سفر کیا۔
فرح گوگی نے پاکستان سے باہر جانے کے لئے نجی طیارے استعمال کئے، جس کے سبب ان کی امیگریشن ہوئی نہ اس کا ریکارڈ موجود ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے پاکستان میں فرح گوگی کو امیگریشن میں سہولت فراہم کرنے اور ان کے زیرِ استعمال نجی طیاروں کے مالکان کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق فرح گوگی کے پاس جمہوریہ وینو آ تو کا پاسپورٹ بھی تھا جسے وہ بیرون ملک سفر کے لئے استعمال کرتی رہی ہیں، فرح گوگی کو یہ پاسپورٹ دبئی میں قائم اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال کی کمپنی نے فراہم کیا جب کہ اس پاسپورٹ کی فیس پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے بیٹے علی ریاض نے ادا کی۔