کوٹ ڈیجی کے علاقے کنب میں آوارہ کتوں نے7 اسکول کے بچوں سمیت 11 افراد کو نوچ لیا جبکہ دو بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔
کنب شہرکے شاہی بازار میں پاگل کتوں نے اسکول جاتے بچوں پر حملہ کر دیا جبکہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہونے والوں میں نرگس فاطمہ، روشنہ کماری، بابرہ فاطمہ، فیض محمد، بھلے ڈنو، صدام حسین، امان اللہ وہ دیگر شامل ہیں۔
تمام زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ ڈیجی اور گمس اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پرانہیں کتوں کے کاٹنے سے بچاؤ کی ویکسین کی گئی جبکہ 2 بچوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے انہیں خیرپور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کنب ٹاؤن انتظامیہ آوارہ پاگل کتوں کو تلف کرنے میں مکمل طور پرناکام ہوچکی ہے اور لوگ خوف سے اپنے گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے وزیر بلدیات سندھ سمیت ڈپٹی کمشنر خیرپور اور دیگر متعلقہ حکام نوٹس لے کر آوارہ پاگل کتوں کو تلف کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔