معروف اسٹیج اداکار طارق ٹیڈی طویل علالت کے بعد لاہورمیں انتقال کرگئے ہیں۔
مرحوم کا انتقال پاکستان کڈنی اینڈ لیورانسٹیٹیوٹ یں ہوا جہاں وہ جگر کےعارضے کا علاج کرارہے تھے۔
ڈاکٹروں کے مطابق طارق ٹیڈی کے جگر کا 70 فیصد حصہ کام کرنا چھوڑ گیا تھا جبکہ میت کو ان کی رہائش گاہ علامہ اقبال ٹاون منتقل کردیا گیا ہے۔
طارق ٹیڈی کا تعلق فیصل آباد سے تھا، انہوں نے فیصل آباد کے بعد لاہور کے اسٹیج ڈراموں میں کام شروع کیا اور ملک گیرشہرت حاصل کرلی۔
ان کے معروف ڈراموں میں چالاک طوطے، ماما پاکستانی، گھونگٹ، شرارتیں شامل ہیں جبکہ انہوں نے فلم سلاخیں میں بھی کام کیا لیکن اپنے فن کو اسٹیج سے ہی وابستہ رکھا۔
طارق ٹیڈی کی نماز جنازہ کل لاہور میں ادا کی جائے گی، مرحوم نے سوگواران میں بیوہ، ایک بیٹا جنید اور دو بیٹیاں صفا اور مروا کو چھوڑا ہے۔