پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کو نوازشریف کی نااہلی کے خلاف ریلی نکالنے پر درج مقدمہ میں بری کردیا گیا۔
کیپٹن (ر) صفدر نے 2018 میں راولپنڈی کے مری روڈ پر ایک احتجاجی ریلی کی قیادت کی تھی۔ اسی دوران نیب اہلکار کیپٹن صفدر کو گرفتار کرنے بھی پہنچے تھے جس پرمسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے شدید مزاحمت کی تھی۔
راولپنڈی کے تھانہ وارث خان میں کیپٹن (ر) صفدر پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کی سماعت راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ہوئی۔
کیپٹن ر صفدر کے وکیل نے دلائل دئیے اور موقف اختیار کیا کہ مقدمہ کے تمام ملزمان بری ہو چکے ہیں، لہٰذا ملزم کو بھی بری کیا جائے۔
معزز عدالت کے جج صداقت علی خان نے دلائل سننے کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مقدمہ سے بری کردیا۔
دوسری جانب اسی روز تھانہ سٹی کی حدود میں ریلی نکالنے پر درج مقدمہ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماء حنیف عباسی کی بھی درخواست ضمانت منظور کرکے سماعت 24 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔