پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکریٹری اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کسی دوسرے کی جنگ کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
چنیوٹ میں مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ لوگ اپنی حرام کی دولت کو محفوظ کرنے کے لیے لگے ہوئے ہیں، انہیں عوام کی فکر نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 75 سال سے یہ کہا جارہا ہے کہ پاکستان بہت کمزور ملک ہے یہ تاثر غلط ہے، بدقسمتی سے اس ملک پر جو لوگ مسلط کئے گئے ہیں وہ لوگ کمزور ہیں، جو حرام کی دولت کماتے ہیں اور بیرون ممالک میں رکھتے ہیں اس لیے یہ بیرونی طاقتوں کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے ہیں ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں، آئی ایم ایف نے شرائط لاگو کی ہیں۔ لیکن ان کے پاس اسلام آباد میں لانگ مارچ کو روکنے کے لئے کروڑوں روپے موجود ہیں کیونکہ یہ ڈرتے ہیں اور انہی پیسوں سے یہ عوام پر تشدد کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلے ہمیں ڈراتے رہے کہ جیلوں میں ڈال دیں گے جس پر کپتان نے کہا تھا کہ ہم جیل جانے سے نہیں ڈرتے ہیں اور جب ان کی یہ ترکیب کام نہیں آئی تو انہوں نے عمران خان کو قتل کرنے کا سازشی منصوبہ بنایا اور وہ بھی ناکام ہوا، لیکن عمران خان آج بھی گولیاں کھانے کے باوجود کھڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگ محنت کش زمیندار ہیں جو اس ملک کی عوام کے لئے کھانا تیار کرتے ہیں، لیکن ان سات مہینوں میں اس حکومت نے ان محنت کشوں کے حالات خراب کردیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا پورا ٹبر چور ہے، گندم کی قیمت جو ایک کسان کو ملتی ہے اس میں ن لیگ کے 5 سالہ دور حکومت میں صرف 100 روپے فی من اضافہ ہوا تھا اور کپتان کی حکومت میں 900 روپے من کا اضافہ ہوا تھا جس سے کسان خوشحال ہوا اور سب سے زیادہ گندم، گنے اور مکئی کی پیداوار ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کپتان کے دور میں 4 بڑی فصلوں کے نئے ریکارڈ ملے تھے کیونکہ ہماری بنائی گئی پالیسیوں سے کسان کو اس کا جائز حق مل رہا تھا اور آج کسان برے معاشی حالات کا شکار ہے۔