ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں ریٹائر ہرٹ ہونے والے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی پی سی بی کے مطابق کسی بڑی چوٹ سے بال بال بچ گئے ہیں۔
میلبورن میں اتوار کے روز آئی سی سیٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل کے دوران ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے شاہین آفریدی عجیب سےانداز میں نیچے آئے اور اس کے بعدکھیل جاری نہیں رکھ سکے۔
اس طرح گرنےکے بعد شاہین شاہ آفریدی اپنا بولنگ سپیل مکمل کیے بغیر میدان سے باہر جانے پرمجبور ہوگئے تھے۔
پی سی بی کے مطابق، ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل پیر کی صبح کیے گئے اسکین میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ انجری کے کوئی آثار نہیں تھے اور ممکنہ طور پر گھٹنے میں تکلیف “ نیچے گرنے کے دوران گھٹنا مڑنے کی وجہ سے“ تھی۔
اسکینز کے نتائج پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو اور آسٹریلوی گھٹنے کے ماہر ڈاکٹر پیٹر ڈی الیسنڈرو کے درمیان شیئرکیے گئے جس نے اس بات کو یقینی بنایا کہ شاہین شاہ کسی انجری کا شکارنہیں ہوئے ۔
ٹیم کے ترجمان نے کہا کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر بہتر محسوس کر رہے ہیں اور ان کا حوصلہ بلند ہے۔
انگلینڈ کے خلاف آنے والی ٹیسٹ سیریز سے محروم ہونے والے شاہین شاہ آفریدی، بحالی اور کنڈیشنگ پروگرام سے گزریں گے جو پاکستان واپسی کے چند دن بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ان کے گھٹنے کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی کرکٹ میں فاسٹ بالرکی واپسی بحالی پروگرام کی کامیاب تکمیل سے آگے مشروط ہوگی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ متعدد ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ شاہین شاہ گھٹنے کی شدید انجری کاشکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ طویل اسپیل تک ایکشن میں نہیں آسکیں گے۔