وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سیاست کے لئے ملک کے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے۔
ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ عمران خان کا برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیا گیا انٹرویو اس چیز کی یاد دلاتا ہے کہ کس طرح انہوں نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کے سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
دوسری جانب ایک بیان میں وزیر دفاع کا بھی کہنا تھا کہ ’عمران خان اپنے 6 مہینے سے ایک سال کا آڈٹ کر رہے ہیں کہ ان سے کیا غلطیاں ہوئیں، جو انہوں نے کہا اس میں کوئی حقیقت نہیں تھی، وہ اپنی غلطیوں کو درست کر رہے ہیں، عمران کا خیال ہے انہوں نے امریکا کو ناراض کردیا ہے اور امریکا کے ساتھ تعلقات درست کرنا ان کے اقتدار کے لئے ضروری ہے۔‘
واضح رہے کہ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ امریکا اور پاکستان کے درمیان باوقار تعلقات چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مبینہ سازش کے حوالے سے جہاں تک میرا خیال ہے یہ معاملہ اب ختم ہوچکا ہے، میں آگے بڑھ چکا ہوں۔ امریکا کے ساتھ ہمارا تعلق آقا اور غلام جیسا رہا ہے اور ہمیں کرائے کی بندوق کی طرح استعمال کیا گیا، لیکن اس کے لیے میں امریکا سے زیادہ اپنی حکومتوں کو مورد الزام ٹھہراتا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ روس کے یوکرین پر حملے سے ایک روز قبل دورہ ماسکو شرمندگی کا باعث بنا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس دورے کا اہتمام مہینوں پہلے کیا جاچکا تھا۔