سندھ ہائیکورٹ نے پروین رحمان قتل کیس میں ملزم رحیم سواتی کااعترافی ویڈیو بیان ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست مستردکردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی سابق ڈائریکٹر پروین رحمان قتل کیس میں ملزمان کی سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار عقیلہ اسماعیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کا ریکارڈ شدہ بیان ایک ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ درخواست گزار کا حقِ دعویٰ ثابت نہیں ہوتا، وہ مدعی مقدمہ بھی نہیں ہیں۔
عدالتِ عالیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویڈیو بہت پرانی ہے جس کا تذکرہ ماتحت عدالت کے فیصلے میں موجود ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزم رحیم سواتی کا اعترافی بیان اہم ہے ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔
وکلاء نے کہا کہ ٹرائل ختم ہونے کے بعد مزید شواہد کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا۔
واضح رہے کہ اورنگی پائلٹ پراجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کو 2013 میں کراچی کے علاقے منگھو پیر میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جب وہ دفتر سے اپنے گھر واپس جا رہی تھیں۔