صبح ہونے والی بارش نے کراچی کا موسم خوشگوار کیا تو شام میں ہونے والی بارش نے شہر کو ”ٹھنڈا“ کردیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صدر، ایم اے جناح روڈ، ناظم آباد اور گرومندر سمیت کئی دیگر علاقوں میں بارش سے سڑکیں بھیگ گئیں، جبکہ یخ بستہ ہواؤں نے شہریوں کے دانت بجوا دئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ژالہ باری، مزید بارش کا امکان
کراچی میں موسم تبدیل ہوتے ہی سوپ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا۔ شہری اپنی فیملی کے ہمراہ سوپ پینے پہنچ گئے، کسی نےیخنی لی تو کوئی چکن کارن سوپ کے مزے لینے لگا۔
سوپ بیچنے والے بھی خوب مزے میں ہیں، کہتے ہیں کہ موسم تبدیل ہونے کے ساتھ سوپ کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
ایک طرف جہاں کراچی کا موسم خوشگوار ہے وہیں بارش سے حب کے علاقے اوتھل میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے، اوتھل کے قریب وارو کے مقام پر روڈ بہہ گیا جبکہ آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
بیلہ اور گردونواح میں بارش ہوتے ہی سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔