وفاقی حکومت نے اداروں کے خلاف بیانات اور ہنگامہ آرائی روکنے کیلئے قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ہنگامہ آرائی کے خلاف وفاقی حکومت کے اختیارات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان کی روشنی میں عمران خان، ان کے ساتھیوں کے ریاست اور اداروں کے خلاف بیانات پر قانونی کارروائی بھی ہوگی۔
وفاقی حکومت نے کارروائی کے لئے آئینی و قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گورنر ہاؤس پنجاب سمیت دیگر شہروں میں جلاؤ، گھیراؤ اور پرتشدد سرگرمیوں پر الگ سے کارروائی ہوگی۔ نجی املاک پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کے حملوں پر بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
آئین اور قانون کے منافی اقدامات پر قانون کے روشنی میں تمام ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔