Aaj Logo

شائع 03 نومبر 2022 03:35pm

کپتان کو مرغیاں اور انڈے پہنچانے مداح چل پڑا

عمران خان کی صحت کے لیے فکر مند پشاور کے رہائشی نے پی ٹی آئی چئیرمین کیلئے مرغیاں اور انڈے لے جانے کا ارادہ کرلیا۔

عمران خان کے پروگرام کے تحت مرغیاں پالنے والے فائق علی شاہ نے حقیقی آزادی مارچ میں اپنی مرغیوں اور ان کے انڈوں سمیت شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

سید فائق علی شاہ پشاور کے نواحی علاقے دیہہ بہادر کے رہائشی ہیں اور ”خان صاحب“ کے مداح ہیں۔

فائق نے عمران خان کی مرغیاں پال کر معیشت کو مضبوط کرنے والی بات پر عمل پیرا ہوکر گزشتہ دو سال سے زائد عرصہ قبل دیسی مرغیوں اور انڈوں کا کام شروع کیا۔

اب فائق شاہ کا کہنا ہے چونکہ خان صاحب کئی روز سے کنٹینر میں ہیں اور نئے پاکستان کی تحریک چلارہے ہیں تو وہ ان کی صحت کے لیے فکرمند ہیں۔

فائق کا ماننا ہے کہ کنٹینر پر ان کو گھر جیسی خوراک نہیں ملتی ہوگی تو اب جب یہاں سے وہ حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے لئے جائیں گے تو ان کے پاس دیسی نسل کی چیتا، وائٹ پیپر اور دیگر اعلیٰ نسل کی مرغیاں ہیں جو وہ اپنے ساتھ لے کر جائیں گے اور خان صاحب کو دیں گے، تاکہ عمران خان اس کی یخنی اور سوپ پی کر تندرست رہیں اور ہمارا نئے پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو۔

عمران خان کا مرغیاں دینے کا اعلان

دسمبر 2018 میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دیہاتی خواتین مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے غربت کا خاتمہ کرسکتی ہیں۔

انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیاں اور انڈے فراہم کرے گی، جس سے وہ اپنا پولٹری کا کاروبار کر سکیں گی۔

Read Comments