Aaj Logo

شائع 03 نومبر 2022 02:21pm

شرائط مضحکہ خیز ہیں، حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے: فواد چوہدری

رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے حقیقی آزادی مارچ کی اجازت کے لیے عائد کردہ شرائط کو مضحکہ خیز قراردیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حکومت کے دن تھوڑے رہ گئے ہیں۔

ضلعی انتطامیہ نے پی ٹی آئی کو صرف ایک دن کیلئے جلسے کی اجازت دیتے ہوئے عمران خان کے دستخطوں کے ساتھ 39 نکات پرمبنی شرائط کا بیان حلفی طلب کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے حقیقی آزادی مارچ سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آج عمران خان وزیر آباد میں 3 مقامات پر تقریر کریں گے۔ پیرسے مارچ کا آخری مرحلہ شروع ہوگا۔

انہوں نے گزشتہ روز آزادی مارچ میں بھرپورشرکت پر گوجرانوالہ اور گکھڑ منڈی کے عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اب تک لاکھوں لوگ استقبال کر چکے ہیں، مقامی اضلاع کے لوگ ہمارے ساتھ چلتے ہیں۔ ؎

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ جب عمران خان روات پہنچیں گے تو پھرسارے پاکستان کے لوگ وہاں ہوں گے۔ ہم اسلام آباد میں 10 سے 15 لاکھ لوگ جمع کر پائیں گے اوریہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا۔

آزادی مارچ کے حوالےسے ضلعی انتطامیہ کی شرائط کومضحکہ خیزقراردینے والے فواد چوہدری نے کہا کہ لاکھوں لوگوں سے اسپیکر کے بغیر کیسے بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم کے حالیہ دورہ چین کو تنقید کا نشانہ بنانے والے فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پوری فورس ہمراہ لے کر گئے،پی آئی اے کا پوراجہاز وزیر اعظم کا جہازڈیکلیئر کیا گیا اور لاکھوں ڈالرخرچ کیے گئے لیکن چین سے واپس آئے ہیں اتو ان کے منہ لٹکے ہوئے ہیں۔

فواد چوہدری کے مطابق چین کا دورہ ناکام ہوچکا ہے، کوئی حکومت ان کے ساتھ کیوں کام کرے جنہیں پتہ ہے کہ ان کی حکومت 15 دن ہے۔ نام نہاد پارلیمنٹ کے 80 فیصد ایم این اے بیرونی دوروں پر ہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف اس وقت 23 کیسز ہیں۔ اور وہ پاکستان کو جوڑنے والا واحد وفاقی لیڈرہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے کرپٹ سیاست دانوں کا اتحاد ہے، رشوت بیان کرنا ہو تو تصاویر مین ان کے چہرے لگا دیں، کرپشن کی تعریف سامنے آجائے گی۔رانا ثناءاللہ کی گفتگو سنیں تو لگتا ہے وہ پاکستان کا وزیر داخلہ نہیں کوئی بدمعاش ہے۔یہ وہ لوگ ہیں جن کے لیے کرسیاں نیچے کردی گئیں ہیں مگر ان کے کردار اور گفتگو اونچے نہیں ہوئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ اس حکومت کے بس 10، 15 دن رہ گئے ہیں۔ ان کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا ۔

Read Comments