سوشل میڈیا کا فائدہ کہہ لیں یا نقصان، یہ انسان کی پہچان میں بہت اہم کردار اداکرتا ہے، جیسے کہ شایان علی نامی نوجوان کی پہچان سابق وزیراعظم نوازشریف کی لندن والی رہائشگاہ کے باہر احتجاج ہے۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر کچھ دیگرپاکستانیوں کے ہمراہ آئے روز شریف فیملی کے خلاف چور اور مافیا کے نعرے لگانے والے شایان علی کم از کم پاکستانی سوشل میڈیا پرایک انتہائی جانی پہچانی شخصیت ہیں جہاں پی ٹی آئی کے حامی اور مخالفین اپنی اپنی سیاسی وابستگی کو مدنطررکھتے ہوئے ٹویٹس میں ان کا ذکرکرتے ہیں۔
شریف فیملی کے خلاف اوورسیزمخالفین کے احتجاج میں ہراول کردار ادا کرنے والے شایان نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے دیگررہائشیوں کو اپنی اس مخالفت کی وجہ بتانے کے لیےنیا قدم اٹھایا ہے۔
سابق وزیراعظم کی رہائشگاہ کے باہرموجود شایان نے اپنی ٹویٹ میں نوازشریف مخالف پمفلٹ اٹھائے ہوئے ایک تصویرشیئرکی اور بتایا کہ انہوں نے کالج سے بریک کا ٹائم نوازشریف کے پڑوسیوں کو شریف مافیا کے جرائم اور یہ بتانے میں گزارا کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کے باہراحتجاج کیوں کیا جاتا ہے۔
شایان کے ہاتھوں میں اٹھائے گئے پمفلٹ پرنوازشریف کی تصویرنمایاں ہے اور ساتھ جلی حروف میں انہیں ”سزا یافتہ مجرم“ اور ”اشتہاری“ لکھا گیا ہے۔
شایان نے ویڈیو شیئرکی جس میں جنید صفدرانہیں انگلی کے اشارے سے روک رہے ہیں، شایان نے کیپشن میں کہا کہ جنید صفدر میں اتنی ہمت تھی کہ ہمیں کہیں بدتمیزی سے روکیں ، میں چور کو چور کہوں گا۔
ایک اور ویڈیو میں شایان ایون فیلڈ کے باہر گاڑی میں موجود مریم نواز کیلئے بھی لفظ چورنی استعمال کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مریم یہ فلیٹ کس کے ہیں۔
بعد ازاں شایان نےسوشل میڈیا پرجاری پیغام میں کہا تھا کہ ”مجھے گرفتار نہیں کیا گیا تھا، پولیس نے کہا حملہ ن لیگ نے شروع کیا! انصاف زندہ باد! شریف مافیا پھر ناکام!“