کراچی میں بلدیاتی انتخاب ہوں گے یا نہیں، اس حوالے سے آج الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلے کا امکان ہے۔ سندھ حکومت الیکشن کرانے سے انکار کر چکی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجہ کی زیر صدارت آج ہونے والے اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخاب پر مشاورت ہوگی۔
اجلاس میں سندھ حکومت اور وزارت داخلہ کے حکام شریک ہوں گے جبکہ اجلاس میں سندھ حکومت کے نمائندے بریفنگ بھی دیں گے۔
سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کی سیکیورٹی کے لئے نفری موجود نہیں، اس لیے انتخاب کے انتظامات نہیں کر سکتے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ہر پولنگ اسٹیشن کے لئے 4 سے 8 اہلکاروں کی ضرورت ہوگی، آئی جی سندھ پہلے ہی نفری کی کمی کا کہہ چکے ہیں، 3 ماہ تک سیلابی صورت حال کے باعث نفری دستیاب نہیں۔
یاد رہے کہ 29 اکتوبر کو الیکشن کمیشن نے کراچی کے 7 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھ کر جواب مانگا تھا۔