Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2022 01:52pm

سری لنکا سے شکست، افغانستان ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جس کے ساتھ افغانستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے سری لنکا کے خلا ف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز اسکور کیے، افغان اوپنرز نے 42 رنز کا آغاز فراہم کیا، رحمان اللہ گرباز اور عثمان غنی بالترتیب 28 اور 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں ابراہیم زدران 22، نجیب اللہ زدران 18، گلبدین نائب 12، کپتان محمد نبی 13، راشد خان 9 اور عظمت اللہ عمرزئی 3 رنز اسکور کیے۔

سری لنکا کی جانب سے وینندو ہسرنگا نے 3، لاہیرو کمارا نے 2 جبکہ مہیش تھیکشنا اور دھننجیا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اوپنر پاتھون نسانکا 10 اور کوشل مینڈس 25 رنز بناکر جلد وکٹیں گنوا بیٹھے تاہم دھننجایا ڈی سلوا 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

دیگر کھلاڑیوں میں بھانوکا راجا پاکسے 18 اور چارتھ اسالنکا 19 رنز بناکر نمایاں رہے، افغان بالرز کی جانب سے راشد خان اور مجیب الرحمان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا نے 145 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔

شکست کے بعد افغانستان کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

آج گروپ ون میں دوسرا اہم میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان برسبین میں ہی کھیلاجارہا ہے۔

افغانستان اپنا آخری میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ سری لنکا کو اب انگلینڈ سے کھیلنا ہے۔

Read Comments