پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد عمر نے وزیراعظم شہباز شریف کو بغیر پروٹوکول باہر نکلنے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ بغیر پروٹوکول باہر نکلیں تو لگ پتہ جائے گا کہ قوم کدھر کھڑی ہے۔
راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کے لئے مانیٹرنگ کا نظام بنایا ہوا ہے، پورے ملک سے تیاری کی خبریں آرہی ہیں، پوری قوم حقیقی آزادی کے لئے تیار ہے اور ہمارے حقیقی آزادی مارچ میں شامل ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اللہ کی مخلوق بے تحاشہ نکل رہی ہے، شہر ختم ہوجاتے ہیں لیکن مخلوق ختم نہیں ہوتی، عمران خان کی جدوجہد سے بہت بڑا مقصد حاصل ہوچکا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے، آپ جتنی مرضی خوفزدہ کرنے کی کوشش کریں، ذہنوں کی تبدیلی کو واپس نہیں کرسکتے، حکومت بنانے کا اختیار صرف اور صرف عوام کے پاس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے نہیں کرے گا، نوازشریف جو جی ٹی روڈ چھوڑ کر گئے تھے وہ بدل گیا، مارچ میں لوگ کم ہوتے تو کوریج نہ روکی جاتی، عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بنا کردیا ہے، اسلام آباد میں عوام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستانی عوام کا شعور اجاگر ہوگیا ہے، موجودہ حکومت نے صرف عوام کو لوٹا ہے، شہبازشریف عوام میں نکلیں تو انہیں پتہ چل جائے گا، انہوں نے مہنگائی کرکےعوام کا جینا مشکل کردیا ہے، شہبازشریف کا جھوٹ اب نہیں بکے گا۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ خان صاحب نے فیصلہ کیا کہ دو چار دن زیادہ لگتے ہیں تو بے شک لگ جائیں، جس دن عمران خان نے اسلام آباد پہنچنا ہے، عوام کا سمندر آئے گا۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے وزیراعظم شہبازشریف کو بغیر پروٹوکول باہر نکلنے کا چیلنج کرتے ہوئے کہاکہ آپ بغیر پروٹوکول باہر نکلیں لگ پتہ جائے گا کہ قوم کدھر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلوں میں اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا بھی کردار رہا ہے، پاکستان کی فوج دلیر اور بہادر ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا جو بھی کردار ادا کرسکتا ہے وہ کرے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں، فوری الیکشن پاکستان کے لئے ناگزیر ہیں، انتخابات کا اعلان ہوگا تو خیبرپختونخو اور پنجاب اسمبلی بھی تحلیل ہوں گی، کے پی کے اور پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا اعلان کیوں کریں؟۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان نے فوج کے خلاف کبھی بیان نہیں دیا، نوازشریف اور زرداری بیرون ملک چھپ کر ملاقاتیں کرتے ہیں، عمران خان نے امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ کہا تھا۔