بھارتی فلمی اداکار سنجے دت کی ایک ویڈیو گذشتہ روز سے ہندوستان میں وائرل ہورہی ہے۔ اس ویڈیو میں سنجے دن ان دنوں کا واقعہ سنا رہے ہیں جب وہ نشے کے عادی ہو گئے تھے۔
اپنے مخصوص انداز میں سنجے دت کہتے ہیں، ”ایک ٹائم میں ایک دم سولڈ نشہ کرکے آیا۔ روم میں جا کے سو گیا۔ دن کا ٹائم تھا۔ سات آٹھ بجے تو میں اٹھا تو بھوک لگی تھی۔ میں ایک نوکر کو بولا، بہت پرانا نوکر تھا، بولا ’تھوڑا کھنا دے دے۔‘ وہ رونے لگا۔ بولا دو دن کے بعد تو کھانا مانگ رہا ہے۔ میں بولا ’دو دن کہاں؟ میں تو کل رات کو سویا تھا۔“ اس نے بولا ’نہیں تو دو دن پہلے سویا تھا۔‘ اس دن میں نے ڈیسائیڈ (فیصلہ) کیا کہ میں چھوڑ دوں گا۔ یہ ڈرگس کچھ نہیں، زندگی کا نشہ بیسٹ۔“
سنجے دت نے یہ واقعہ سلمان خان کے پروگرام ”دس کا دم“ میں سنایا تھا جو 2009 میں ٹی وی پر آتا تھا۔ اسی پروگرام میں جیکی شیروف بھی موجود تھے۔ تاہم اس کی ویڈیو گذشتہ روز بھارت میں وائرل ہوگئی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ یعنی اکتوبر کو منشیات سے آگاہی کے ماہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس دوران مختلف مضامین اور انٹرویوز میں اہم شخصیات منشیات سے نقصانات سے نوجوان نسل کو آگاہ کر رہی ہیں۔
اسی ماہ پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر وسیم اکرم نے انکشاف کیا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں کوکین کی لت لگ گئی تھی۔
وسیم اکرم کا کوکین کی لت میں مبتلا ہونے کا اعتراف
سنجے دت اپنے زندگی کے دس برس منشیات استعمال کرتے گزارے ہیں۔ وہ بالآخر بحالی مرکز گئے اور انہوں نے نئی زندگی شروع کی۔
رواں برس کے شروع میں رنویر الہ آبادیا کو انٹرویو میں سنجے نے کہا تھا کہ خواتین کے سامنے ”کول“ لگنے کے لیے انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کیا تھا پھر دس برس ایسے برباد ہوئے کہ وہ صرف اپنے کمرے اور باتھ روم تک محدود ہوگئے۔