Aaj Logo

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2022 05:46pm

’طاقتور حلقوں نے 24 ارب روپے کے ڈاکو کی سہولت اور مدد کی‘

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو حقیقی طور پر آزاد کرنے کیلئے جہاد کر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ میری قوم حقیقی طور پر آزاد ہو۔

عمران خان نے ایمن آباد پہنچنے پر شاندار استقابال کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور اور کمزور کیلئے ایک قانون ہوگا تو قوم آزاد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم جانتے تھے کہ انہیں کینسر ہے اس کے باوجود انہوں نے آزادی کیلئے جدوجہد کی، لیکن ہم آزاد نہیں ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عابد شیر علی کے والد نے کہا رانا ثنا نے اٹھارہ قتل کئے اور اب جرائم پیشہ شخص کو وزیر داخلہ بنادیا گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ رانا ثنا نے ماڈل ٹاؤن میں دن دیہاڑے 14 قتل کئے۔

چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اسحاق ڈار نے شریف خاندان کیلئے چوری کرنے کو تسلیم کیا ہے، نواز شریف کے بیٹے نے تسلیم کیا کہ فلیٹس مریم کے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے میں شہباز شریف کی 16 ارب روپے کی چوری پکڑی گئی، اور ٹی ٹی کیس میں نیب میں آٹھ ارب روپے کی چوری پکڑی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ”طاقتور حلقوں نے 24 ارب روپے کے ڈاکو کی سہولت اور مدد کی، اس کے کیسز کو سلو ڈاؤن کیا ججز پر پریشر ڈالا۔“

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس کو آج جیل میں ہونا چاہئیے تھا، اس قوم کا پیسہ واپس کرنا چاہئیے تھا اسے آج وزیراعظم بنا دیا۔

پی ٹی آئی چئیرمین نے کہا کہ نواز شریف کو رہا کیا گیا، جج نے کہا کہ ثابت کرو یہ ان کے فلیٹ ہیں، نواز شریف نے اسمبلی میں کہا کہ یہ ان کے فلیٹ ہیں، ان کے بیٹے حسین شریف نے کہا کہ الحمدُاللہ یہ مریم کے فلیٹ ہیں۔ لیکن ان کے اپنے نیب کے آدمی نے کہا کہ میں تو ثابت ہی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تھوڑے سے لوگوں نے اس ملک کا بیڑا غرق کیا، بند کمروں میں فیصلے کرکے ان چوروں کو ہم پر مسلط کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اوپر جارہا تھا تو بیرونی سازش کے تحت ہمیں نکالا گیا، جب تک اندر سہولت کار میر جعفر اور میر صادق نہ ہوں بیرونی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے آٹھ الیکشن جیت کر ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے اور ایک ہی اسمبلی کے 12 الیکشن جیتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ اداروں کی عزت تب ہوتی ہے جب قوم عزت کرتی ہے اور ادارے اپنے فیصلوں سے عزت کرواتے ہیں۔

Read Comments