وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے چینل فائیو کی رپورٹر صدف نعیم کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدف نعیم کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل ، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔
وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بھی عمران خان کے لانگ مارچ کنٹینر سے گر کر جاں بحق ہونے والی صحافی صدف نعیم کے شوہر کو ٹیلیفون کر کے تعزیت کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں ، صدف نعیم اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہوئیں، اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
افسوسناک حادثے پر وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے افسوس کا ظہار کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ”رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہونے والی ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے کم ہے۔“
وزیراعظم نے مرحومہ کیلئے دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ”اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں۔ مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔“
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدف نعیم کے شوہر کو ٹیلی فون کرکے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں، جانی نقصان کاازالہ ہرگزممکن نہیں، تاہم پسماندگان سے ہم ہرممکن تعاون اور مدد کریں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے خاتون صحافی کی المناک موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف نعیم ایک محنتی صحافی تھیں، اللہ تعالیٰ صدف کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہوگی۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ صدف کی موت کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صدف نعیم کی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔
صدرمملکت نے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ دکھ کی اِس گھڑی میں ہمدردیاں اہل خانہ کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ مرحومہ کو غریقِ رحمت فرمائے۔
وفاقی وزیر شیری رحمان نے لکھا کہ سنا وہ عمران کے کنٹینر سے گریں۔ سوگ اور المناک نقصان کی اس خوفناک گھڑی میں دل ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی صحافی صدف نعیم کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کیلئے دعا کی۔