Aaj Logo

شائع 30 اکتوبر 2022 04:31pm

بھارت خوشی نہ منائے،فوج کے خلاف کبھی نہیں ہوسکتا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے لانگ مارچ کے آغاز پر اداروں کے حوالے سے دیئے گئے بیان اور اعظم سواتی کی جانب سے پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات پر بھارت نے خوب جشن منایا، یہاں تک کہ ایک خاتون بھارتی اینکر نے انہیں اپنا ”ڈئیرسٹ“ تک قرار دے دیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ”میں چاہتا ہوں میری فوج مضبوط اور تگڑا ادارہ بنے، میں چاہتا ہوں ہماری ساری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہو، اور وہ اس لئے کہ فوج بھی میری ہے ملک بھی میرا ہے اور ہمیں اپنے ملک کو آزاد رکھنے کیلئے ایک مضبوط فوج چاہئیے۔“

یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ کے آغاز پر عمران خان کے فوج، آئی ایس آئی مخالف بیان سے بھارت میں جشن

انہوں نے کہا کہ “جب میں تنقید کرتا ہوں وہ وہ تعمیری تنقید ہوتی ہے، میں اپنی فوج کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، ہندوستان کے اندر میڈیا میں خوشیاں من رہی ہیں ڈی جی آئی ایس آئی کی پریس کانفرنس کے بعد کہ جی عمران خان اور فوج کا مقابلہ ہوگیا یا تصادم ہوگیا۔ کوئی ایسی بات نہیں ہے، ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لیکن ہم جب تنقید کرتے ہیں تعمیری تنقید ہے اور اس لئے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ہندوستان میں، قوم کبھی بھی اپنی آزادی پر کمپرومائز نہیں کرے گی۔ “

Read Comments