آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12مرحلے کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ آج پرتھ میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیل رہا ہے، جس کا ٹاس نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتا تو پہلے بیٹنگ کرتا۔
نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لئے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، فخر زمان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی شامل ہیں۔
پاکستان کوٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مرحلے میں جانے کی امید برقرار رکھنی ہے تو آج ہر صورت نیدرلینڈز کو ہرانا ہو گا۔
پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے، قومی ٹیم کو ابتدائی 2 میچز میں بھارت اورزمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت اور زمبابوے سے آخری گیند پر میچ ہارنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہلی جیت کی تلاش ہے ۔
دوسری جانب آج پاکستان میں ہوا اور بارش کا امکان ہے، پرتھ میں مقامی وقت کے مطابق دن 2سے 4بجے تک بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔