اسلام آباد ہائیکورٹ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کل کرے گی، چیئرمین پی ٹی آئی نے رجسٹرار ہائیکورٹ کے تمام اعتراضات دور کر دیے ہیں۔
توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان نااہلی کیس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعتراضات دور
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کل عمران خان کی درخواست پر سماعت کریں گے جبکہ عمران خان کی نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل ہوگا یا نہیں، فیصلہ پیر کو ہوگا۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دینے کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنچ کررکھا ہے، سابق وزیراعظم کی قانونی ٹیم نے رجسٹرار آفس کے تمام اعتراضات دور کردیے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ آج ہی معطل کرنے کی استدعا مسترد
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کررکھی ہے۔
یاد رہے کہ 21 اکتوبر بروز جمعے کو الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو 5سال کے لئے نااہل قراردیا تھا۔
عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا جس نے عمران خان کو کرپٹ پریکٹسز یعنی بدعنوانی کا مرتکب قرار دیا تھا۔
مزید پڑھیں: عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کا فیصلہ چلینج کردیا
الیکشن کمیشن نے19ستمبرکو فیصلہ محفوظ کیا تھا، فیصلہ سنانے کے لئے جمعہ کو سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر فریقین کو طلبی کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں قراردیا تھا کہ عمران خان نے جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا، وہ غلط گوشوارے جمع کروا کے بدعنوانی کے مرتکب ہوئے۔
بعدازاں عمران خان نے الیکشن کمیشن کے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے دائر درخواست میں استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔