وفاقی کابینہ نے تین لاکھ 80 ہزار میٹرک ٹن گندم اور تین لاکھ میٹرک ٹن یوریا کی درآمد کے لئے ہنگامی بنیادوں پر منظوری دے دی۔
کابینہ سے قومی اقتصادی کمیٹی (ای سی سی) کے 28 اکتوبر کے دو فیصلوں کی سرکولیش کے ذریعے منظوری لے لی گئی ہے، گندم اور یوریا کی درآمد پر تقریبا 30 کروڑ ڈالرز اخراجات آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے گندم کے چھٹے ٹینڈر کو ایوارڈ کرنے کی منظوری دی ہے، 373 ڈالر فی ٹن کے حساب سے 3 لاکھ 80 ہزار ٹن گندم اور 520 ڈالر فی ٹن کے حساب سے 3 لاکھ ٹن یوریا درآمد کی جائے گی۔
ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان (ٹی سی پی) نے 26 اکتوبر کو 5 لاکھ ٹن گندم کی درآمد کے لئے ٹینڈر کھولا تھا جس کے تحت ٹی سی پی کو کم سے کم بولی 373 ڈالر فی میٹرک ٹن موصول ہوئی تھی۔
ٹی سی پی نے 3 لاکھ ٹن یوریا کا ٹینڈر بھی 26 اکتوبر کو کھولا تھا اور یوریا کی درآمد کے لئے کم سے کم بولی 520 ڈالر فی ٹن موصول ہوئی تھی۔