وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ فارن فنڈڈ فراڈ جھوٹے فتنے کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص ملک کو معاشی طعور پر دیوالیہ کرکے گیا، پاکستان کو سری لنکا بنانے کی کوشش کی گئی تاہم اتحادی حکومت نے معیشت کو سمبھالا اور ہم پوری کوش کرکے مہنگائی کو بھی کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال میں عمران خان کا ایجنڈا پورا نہ ہو سکا، یہ ملک کو مکمل برباد کرنے کے لئے پھر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، عمران خان نے آرمی چیف اور آئی ایس آئی کے سربراہ کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا جس کا انڈین میڈیا میں بہت چرچا ہوا۔
حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات سے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ فارن فنڈد فراڈ فتنے کے ساتھ کوئی مذاکرات کی گنجائش نہیں، یہ شفاف الیکشن نہیں انتشار، لاشیں اور خون چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان سنہ 2014 میں امپائر کی انگلی سے کنٹینر پر کھڑے تھے اور اب جب اپنے بل بوتے پر کھڑا ہونا پڑ رہا ہے تو غوطے کھا رہے ہیں اور اداروں پر الزام تراشی کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ’وہی جملے، وہی باتیں، وہی کنٹینر، کچھ تو اپنی کارکردگی پر بولو‘۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو خراب کیا۔