بھلوال میں ایسا سانحہ پیش آیا ہے جس نے ہابیل اور قابیل کی یاد تازہ کر دی۔ جائیداد کے تنازع پر نوجوان نے حقیقی بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا لیکن چوری چھپے لاش کی تدفین کرنے میں ناکام ہوگیا۔
بھلوال کے علاقے چک مبارک میں جائیداد کے تنازع پر نوجوان نے حقیقی بھائی کو قتل کیا اور مقتول کی چوری چھپے تدفین کی کوشش کی۔
چک مبارک بھیرہ کے 22 سالہ صابر کا اپنے بھائی بابر کے ساتھ مبینہ طور پر زمین کا تنازع چلا آ رہا تھا، جس پر ان کے درمیان چند روز قبل لڑائی بھی ہوئی تھی۔
وقوعہ کے وقت بابر نے بھائی کی گردن پر رسی باندھ کر پے در پے لاٹھیوں کے وار کر کے اسے قتل کردیا اور مقتول کی چوری چھپے تدفین کی کوشش کی۔
ملزم نے اتنی انسانیت کا مظاہرہ ضرور کیا کہ اپنے مقتول بھائی کو کفن دے دیا لیکن ساتھ ہی اس کے جسم پر کپڑے بھی رہنے دیئے۔
اطلاع ملنے پرایس ایچ او تھانہ بھیرہ انسپکٹر فواد علی شیرازی پولیس نفری کے ساتھ وہاں پہنچ گئے جہاں ملزم بابر لاش کو دفن کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ملزم پولیس کو دیکھ کر موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے کفن میں لپٹی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بھیرہ منتقل کر کے قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا۔