تحریک انصاف کے رہنما سردار خرم لغاری نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما خرم لغاری نے فنڈز نہ ملنے پر سابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار پرتنقید کی تھی۔ جس کے بعد بیان سامنے آیا کہ انہوں نے پارٹی چھوڑ دی۔
سردارخرم لغاری نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور میرے ساتھ پانچ چھ ایم پی ایز پارٹی چھوڑ رہے ہیں، انہوں نے دعوٰی کیا ہے کہ عبدالحئی دستی اور علمدار قریشی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دکھایا کچھ اورکیا ہوا کچھ ہے، اسمبلی سے بھی ممکن ہے استعفیٰ دیں گے، تین چار دن میں اسمبلی سے مستعفی ہوسکتے ہیں۔
خرم لغاری نے کہا وزارت کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں، ہمیں بتایا جائے کہ وزیر بنانے کا کیا معیار ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی ایم پی اے عبدالحئی دستی نے خرم لغاری کے بیان کی تردید کردی ہے۔
عبدالحئی نے کہا کہ میں پی ٹی آئی نہیں چھوڑ رہا، عمران خان کے بیانیہ کے ساتھ ہیں اور ہم لانگ مارچ میں عمران خان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری تیاری کے ساتھ لانگ مارچ کو کامیاب بنائیں گے اور آج ہم 400 کارکنوں کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے اور لانگ مارچ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔