ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر12 مرحلے میں زمبابوے نے پاکستان کو ہرا دیا، جس کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوگئے۔
قومی ٹیم 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 129 رنز بناسکی۔
دف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم زمبابوے کی کمزور ٹیم کے سامنے مشکلات کا شکار نظر آئی، 100 رنز سے پہلے ہی آدھی سے زیادہ ٹیم پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی چھٹی وکٹ 93 رنز پر گری۔
محمد رضوان نے 16 گیندوں پر 14 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 9 گیندیں کھیل کر صرف 4 رنز بناسکے، شان مسعود 38 گیندوں پر 44 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، افتخار احمد 5، شاداب 17، حیدر علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
زمبابوے کی پہلی وکٹ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر گری، حارث رؤف نے کپتان ایروائن کو پویلین کی راہ دکھائی، بعد ازاں 43 کے مجموعی اسکور پر دوسرا کھلاڑی میڈ ویئر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پھر دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 64 تک پہنچایا تو شومبا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پھر 95 کے مجموعی اسکور پر شان ولیمز 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے بعد ازاں 95 رنز پر ہی چکابوا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے اور پھر 95 کے ہی مجموعی اسکور پر سکندر رضا، لیوک چونگوے بھی آؤٹ ہوئے۔
پرتھ میں قومی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، محمد وسیم جونئیر نے چار اور شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پوری زمبابوے کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں پر ایک سو تیس رنز بناسکی۔
پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کریں۔
اس موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ ہی کرنا چاہتے تھے تا کہ ابتدا میں بالرز سوئنگ سے فائدہ اٹھاسکیں۔
پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جس میں آصف علی کی جگہ وسیم جونیئر شامل کیا گیا ہے۔