پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ ارشد شریف کی شہادت قتل ہے، ایکسیڈنٹ نہیں۔ ارشد کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، ارشد شریف کا نہ موبائل ملےگا نہ لیپ ٹاپ، شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کا موبائل نہیں ملے گا اور شواہد مٹا دیے گئے ہیں، ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے مارا گیا یا انہیں بہت قریب سے گولی ماری گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ”ارشد شریف کو دو گولیاں لگی ہیں، سینے اور سر پر لانگ رینج شوٹنگ سے گولیاں نہیں لگ سکتیں، اگر لگتیں تو دس بیس لگتیں۔“
فیصل واوڈا نے کہا کہ کہانی بنائی گئی کہ بچے کا اغوا ہوا، اگر بچہ گاڑی موجود تھا تو دنیا کی بدترین پولیس بھی کھلے عام گولیاں چلائی گی؟ آپ ٹائر پر گولیاں چلاتے، گاڑی پھر بھی نہیں رکتی تو آپ ڈرائیور کو گولی مارتے۔ لیکن اس گاڑی کے اندر کولڈ پلانڈ اور بروٹل مرڈر صرف ارشد شریف کا ہوا ہے۔“
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی میں زلزلہ: فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری، بنیادی رکنیت معطل
انہوں نے مزید کہا کہ ”میں نے ویڈیو بنائی ہے اور نام بھی انٹرنیشنلی اور لوکلی دے دئیے ہیں، مجھے کچھ ہوا اور میں مارا گیا تو اللہ نے مجھے دولت کی طاقت دی ہے اور میں ملینز آف ڈالرز خرچ کرچکا ہوں، اگر مجھے کچھ ہوا اور میں مارا گیا تو تین گھنٹے کے اندر وہ شخصیات بھی اسی طرح ماری جائیں گی۔“
فیصل واوڈا نے خبردار کیا کہ“ وہ کتنے بھی بڑے طاقتور لوگ ہوں، ان کو بڑا کلئیر میسیج ہے میرا کہ مجھے گولی لگی اور میں مرا تو تین سے پانچ گھنٹے کے اندر تمہیں بھی گولی لگے گی اور تم بھی مرو گے۔“
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ارشد شریف ایک بہادر اور زبردست انسان تھا۔ وہ ملک چھوڑنے کیلئے تیار نہیں تھا، اس کو ملک سے جانے کیلئے ڈرایا اور مجبور کیا گیا۔
مزید پڑھیے: پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت معطل کیے جانے کے بعد فیصل واوڈا کا ردعمل
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی فیملی کے ساتھ کھڑا ہوں چاہے کوئی بھی قیمت دینا پڑی، میں یہ نہیں کہوں گا کہ ویڈیو بنا کر نام دے دیئے، ایف آئی آرز سے ارشد شریف بھاگنے والا نہیں تھا۔
فیصل ووڈا نے کہاکہ ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار نہیں، جس کا کردار ہے وہ آپ کو آئندہ آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا۔