Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 اکتوبر 2022 11:11am

ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارتی ٹیم نے سینڈوچ دیکھ کر بائیکاٹ کردیا

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کیخلاف سنسنی خیزفتح کی خوشی منانے والی بھارتی ٹیم کو سڈنی پہنچ کراچھا کھانا نہ ملنے کا صدمہ اٹھانا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سڈنی میں گھنٹوں پریکٹس کے بعد تھکے ہارے بھارتی کھلاڑیوں کو ٹھنڈے سینڈوچ پیش کیے گئے جبکہ وہ ایک بھرپور لنچ کی توقع کررہے تھے۔

بیشتربھارتی کھلاڑیوں نے سینڈ وچ کھانے کے بجائے ناخوش ہو کر اسٹیڈیم سے ہوٹل واپسی کی اوراپنے کمروں میں پسند کا کھانا منگوا کرکھایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے آئی سی سی کو بھی بتایا گیاہے کہ سخت پریکٹس کے بعد دیا جانے والا کھانا ٹھنڈا تھا۔

بی سی سی آئی کے ایک عہدیدارکا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا واپس ہوٹل جانا انتظامات کا مکمل بائیکاٹ نہیں تھا کیونکہ کھلاڑیوں کے لیے پھل اور فلافل بھی موجود تھے لیکن چونکہ وہ مکمل کھانے کی توقع کررہے تھے، اس لیے وہ ہوٹل واپس چلے گئے۔

اس سے قبل بھارتی پرستاروں کی جانب سے بھی شکایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی ہندوستانی ٹیم کے ساتھ امتیازی سلوک کررہے ہیں، ٹورنامنٹ کے آغازسے قبل ٹیم انڈیا کو 4 اسٹار ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا جبکہ میزبان آسٹریلیا اور پاکستان کو وارم اپ گیمز کے دوران 5 اسٹار سہولیات دی گئی تھیں۔

بھارتی شائقین نے اپنا دُکھڑا رونے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں جمعرات کو بھارتی ٹیم سڈنی میں نیدرلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔ اس سے قبل زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے درمیان واش آؤٹ گیم نے بھارتی ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک رسائی کو آسان بنادیا ہے۔

Read Comments