ٹی 20 ورلڈ کپ میں گزشتہ روز پاک بھارت ٹاکرا حسب توقع سنسنی سے بھرپور اور کمزور دل حضرات کے لیے ان کے صبر کا امتحان ثابت ہوا، میچ کا آخری اووراعصاب شکن ثابت ہونے کے ساتھ ساتھ کئی سوالات بھی چھوڑ گیا۔
سُپر12 مرحلے کے اس میچ کے آخری اوور میں 160 رنزکے ہدف کا تعاقب کرنے والی بھارتی ٹیم کو16 رنز درکار تھے، کریز پر کوہلی اور اشوین موجود تھے، انتہائی سنسنی خیزاوور کی آخری گیند پر فتح بھارت کے حصے میں آئی لیکن فری ہٹ ملنا، کوہلی کا فری ہٹ پر بولڈ ہونا اور محمد نواز کے کروائے جانے والے اس آخری اوور میں نو بال سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے۔
اس آخری گیند سے قبل تک بھی شاید ہی کسی کو اندازہ ہو کہ میچ کس کے حق میں ہے کیونکہ صورتحال ہر بال کے ساتھ تبدیل ہورہی تھی، آخری اوور کی چوتھی گیند کو امپائرکی جانب سے نوبال قراردیے جانے کے بعد بھارت کو فری ہٹ ملی جس پر ویرات کوہلی بولڈ ہوئے اور قوانین سے واقفیت رکھنے کے باعث بھاگم بھاگ 3 رنز مکمل کرلیے جنہیں بائی میں شامل کیا گیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوالات اٹھائے گئے کہ نوازکی گیند وکٹ پرلگنے کے بعد ڈیڈ بال قرار کیوں نہیں دی گئی۔ یہ بال نو بال تھی یا نہیں، تبصرے کرنے والوں میں سے بیشتر نے نشاندہی کی کہ بیٹسمین فری ہٹ گیند پر کیچ آؤٹ ہو کر بھی رن بنا لے تو وہ اسکے انفرادی اسکور میں بھی شامل کیے جاتے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پلیئنگ کنڈیشنزکی شق 20 کے مطابق بال صرف اس سورت میں ڈیڈ بال قراردی جاسکتی ہے جب وہ باؤنڈری اسکور ہو، گیند بالریا وکٹ کیپرکے ہاتھ میں ہی تھم جائے، بلے بازآؤٹ ہو، گیند کسی کے کپڑوں میں پھنس جائے یا کیمرے کی تار وغیرہ سے ٹکراجائے۔ اس لحاظ سے قوانین کے مطابق کوہلی کوآؤٹ قرارنہیں دیا گیا کیونکہ فری ہٹ پربولڈ کو آؤٹ نہیں مانا جاتا، گیند ان کے بیٹ کو چھوئے بغیرآگے بڑھی اس لیے رنزبھی بائی میں شمارکیے گئے۔
قوانین کے مطابق بیٹسمین فری ہٹ پر کیچ آؤٹ ہوجائے لیکن بھاگ کررنزاسکورکرلے تو وہ اس کے انفرادی اسکورمیں بھی شامل کیے جاتے ہیں، اسی طرح سے گیند وکٹ پرلگ کربولڈ ہونے کی صورت میں بھی بنائے گئے رنزانفرادی اسکورمیں شامل ہوں گے تاہم فری ہٹ پر کلین بولڈ ہونے کی صورت میں بھاگ کربنائے جانے والے رنزٹیم کے مجموعی اسکورمیں ایکسٹراکے طورپرشامل کیے جاتے ہیں۔
اس میچ میں کوہلی کو کرائی جانے والی گیند کونو بال قراردیے جانے پرامپائرنگ پربھی سوال اٹھائے گئے، سابق فاسٹ بولرشعیب اخترنے اپنی ٹویٹ کوہلی کی شاٹ کھیلتے ہوئے تصویرشیئرکی اور امپائربھائیوں کیلئے اسے ”فوڈ فار تھاٹ“ قراردیا۔