بھارت کے خلاف میچ کے بعد قومی کرکٹ اسکواڈ میلبرن سے پرتھ پہنچ گیا جبکہ قومی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔
ٹی 20ورلڈ کپ کے دوسرے معرکے کے لئے قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ڈیرے ڈال لیے۔
قومی اسکواڈ میلبرن سے بذریعہ فلائٹ پرتھ پہنچا، کھلاڑی آج آرام کریں گے جبکہ کل سے پریکٹس کاآغاز کریں گے۔
گرین شرٹس اپنے دوسرے میچ میں 27 اکتوبر کو زمبابوے کے مدمقابل آئیں گے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک 17 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں، 16 فتوحات کے ساتھ پاکستان کا پلڑا بھاری ہے جبکہ زمبابوے کی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میلبرن میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کے ہاتھوں 4 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے دیا گیا 160 رنز کا ہدف بھارت نے آخری گیند پر حاصل کیا۔
بھارت کی جانب سے میچ میں ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 53 گیندوں پر 82 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔