پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اعجاز الحق کا کہنا ہے کہ ملک میں ایمرجنسی کی کوئی صورتِ حال نہیں، اگر کسی کے درمیان بات چیت جاری ہے تو وہ جاری رہنی چاہئیے۔
آج نیوز کے پروگرام “ آج رانا مبشر کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات اور آرمی چیف کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ایمرجنسی لگتی نظر نہیں آرہی۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے درمیان بات چیت ہو رہی ہے تو وہ جاری رہنی چاہئیے، کیونکہ گفت و شنید سے ہی راستہ نکل پائے گا۔
عدالتی حکم پر ایمرجنسی کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتِ حال میں عدالت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرکے ایک نگراں حکومت لا کر اس کی مدت میں توسیع کرکے سپورٹ تو کرسکتی ہے، لیکن ایمرجنسی لگانا ممکن نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے بغلوں میں دس دس بیساکھیاں دی ہوئی ہیں، ان میں سے ایک بھی کھینچ لی گئی کو حکومت گر جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتِ حال میں نگراں حکومت ہی سب کیلئے بہتر ہے۔
کیونکہ موجودہ حکومت کی کریڈیبلٹی صفر ہے، تو اگر نگراں حکومت آجاتی ہے تو خرابی اور بہتری دونوں ہی اس کے کھاتے میں چلی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان سے کہا بات چیت جاری رکھیں، معاملات طے ہوجائیں تو اچھی بات ہے، انہیں چاہئے کہ ابھی معاملات طے کروالیں تاکہ آئندہ یہ ان کے بھی کام آسکیں۔