پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ عمران خان پہلے وزیراعظم تھے جنہیں جمہوری طریقے سے گھر بھیجا گیا۔ انہیں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ماضی میں گیٹ نمبر 4 اور عدلیہ کے ذریعے وزراعظم گھر بھیجے گئے۔ ہمیں اس طرف نہیں دیکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاسی تاریخ بہت سے نشیب و فراز سے گزری ہے، آج کی پارلیمنٹ ماضی کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کسی وزیراعظم کا احتساب کرنا ہو تو وہ جمہوری طریقے سے ہونا چاہئے۔
بلاول نے کہا کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم ملکی معیشت پر خودکش حملہ کیا، انہوں نے اپنے دور میں عام آدمی کیلئے مشکلات پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، عمران خان کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ان کی ناقص پالیسیوں سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غیرمعمولی سیلاب نے سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھرمیں تباہی پھیلائی، سیلاب متاثرین کی بحالی، مشکلات کا ازالہ ہم سب کی ترجیح ہونی چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عاصمہ جہانگیر انسانی حقوق کے کارکنوں، وکلاء کیلئے رول ماڈل تھیں، عاصمہ جہانگیر بنیادی حقوق کی جدوجہد کرنے والوں کیلئے مشعل راہ تھیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عاصمہ آج ہوتیں تو پوچھتیں کہ ڈیل کرکے وزیرخارجہ تو نہیں بنے؟ میں انہیں جواب دیتا کہ بالکل نہیں۔