آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کے کپتان اینڈی بالبرنی نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا اور آئرش ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 128 رنز بناسکی۔
آئرش ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی، ہیری ٹیکٹر 45 اور پال اسٹرلنگ کے 34 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ اسکور کرنے میں ناکام رہا۔
دیگر کھلاڑیوں میں کپتان اینڈی بالبرنی ایک ، لورکن ٹکر 10، کرٹس کیمفر 2، جارج ڈوکریل 14، گیرتھ ڈیلانی 9، مارک ایڈئیر 0 اور سیمی سنگھ 7 رنز بناکر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش ٹھیکشانا اور ونندو ہسارنگا نے 2،2 جبکہ بائینورا فرنینڈو، لاہیرو کمارا، چمیکا کرونا رتنے اور دھنن جیا دی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور آئرلینڈ کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا گیا۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر کوشال مینڈس نے 43گیندوں پر 5چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا اور چارتھ اسالنکا 31، 31 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ آئرلینڈ کی جانب سے گریتھ ڈیلانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
دوسری جانب سپر 12 مرحلے میں گروپ 2 سے آج فائنل سے قبل بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے جا رہا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق پاک بھارت ٹاکرا دوپہر ایک بجے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔