چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ کمیٹیز کے چیئرمین کو سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی اجازت دے دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین کمیٹی آن گورنمنٹ ایشورنسز، چئیرمین کمیٹی آن ڈیلیگیٹڈ لجسلیشن کو سینیٹر اعظم خان سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی اجازت ہوگی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور، چیئرمین قائمہ کمیٹی قانون و انصاف اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے ریلویز بھی اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری کر سکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹ کے رولز 84 ون کے تحت اعظم سواتی کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوں گے۔
قبلِ ازیں پی ٹی آئی سینیٹرز کی جانب سے سینیٹ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر اعظم سواتی کی گرفتاری پر سینیٹ اجلاس کے دوران احتجاج بھی ریکارڈ کرایا گیا تھا جب کہ انہوں نے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے اعظم سواتی کے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب اسپیشل سینٹرل کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
جج راجہ آصف محمود نے درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے انہیں 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جب کہ عدالت نے اعظم سواتی کو پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔