پاکستان نےفنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اجلاس سے قبل بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف مہم مسترد کر دی۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کو بارہا سراہا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف مہم بدنیتی اور جھوٹ پر مبنی ہے، پہلا موقع نہیں کہ بھارتی میڈیا سرکاری لیکس کے ذریعے پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا گمراہ کن ، بے بنیاد اور من گھڑت پروپیگنڈے کو فروغ دے رہا ہے، بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈہ کے باوجود فیٹف نے پاکستان کی کاوشوں کو تسلیم کیا ۔
خیال رہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا 2روزہ اجلاس آج سے فرانس کے شہر پیرس میں شروع ہو رہا ہے، اجلاس میں پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات ہیں۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر وفد کی قیادت کریں گی جبکہ پاکستان فیٹف معیارات پر عمل درآمد کرنے والے ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہو چکاہے۔
فیٹف کی ٹیم نے گزشتہ ماہ پاکستان کا دورہ کیا اور اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا،پاکستان کا نام گرے لسٹ میں 2018میں ڈالا گیا تھا۔