Aaj Logo

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022 03:55pm

پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کی ضمانت منظور

اسپیشل سینٹرل کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔

جج راجہ آصف محمود نے درخواست ضمانت منظورکرتے ہوئے انہیں 10 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت نے اعظم سواتی کو پاسپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل نے اعظم سواتی کی ضمانت بعدازگرفتاری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

کیس کا پس منظر

سابق وزیر ریلوے اعظم سواتی کو 13 اکتوبر کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسلام آباد چک شہزاد کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

خاندنی ذرائع نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ رات 3 بجے کچھ افراد فارم ہاؤس پر آئے اور اعظم سواتی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

خاندانی ذرائع نے مزید بتایا کہ سینیٹر اعظم سواتی کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا جبکہ ایف آئی نے فوری طور پر اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

جس کے بعد ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے خلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں 20،131،500 اور 505 کی دفعات شامل تھیں۔

مقدمے میں شامل تعزیت پاکستان کی دفعہ میں بتایا گیا کہ اعظم سواتی نے بد نیتی پرمبنی ٹویٹ کیا جو کہ مقاصد کی تکمیل کے لئے انتہائی تضحیک آمیز تھا، اعظم سواتی نے ریاستی اداروں کو براہ راست نشانہ بنایا۔

ایف آئی اے کے مقدمے میں متنازع ٹویٹ کا متن بھی شامل ہے، جس میں کہا گیا کہ ٹویٹ اداروں میں تقسیم پھیلانے کی گھناؤنی سازش ہے۔

یاد رہے کہ اعظم سواتی منی لانڈرنگ اور فارن فنڈنگ کیس میں نامزد تھے، ایف آئی اے نےفارن فنڈنگ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سمیت کل 11عہدیدارون کونامزد کیا۔

Read Comments