آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے یارکر نے افغانستان کے اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز کو زخمی کردیا۔
گھنٹے کی انجری سے صحت یاب ہونے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی افغانستان کےخلاف وارم اپ میچ میں پورے ردھم میں نظرآئے۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے پہلے ہی اوور میں افغان بلے باز رحمان اللّہ گرباز کوتیز یارکر کرایا ،گیند ان کے بائیں پاؤں کی انگلیوں پر لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
پاکستانی کھلاڑیوں کے اپیل کرنے پر رحمان اللہ گرباز کو امپائر نے آؤٹ قرار دیا ۔
شاہین شاہ آفریدی کی گیند لگنے کے بعد افغان بیٹر کی تکلیف کو دیکھتے ہوئے انہیں کریز پر ہی طبی امداد دی گئی لیکن اس کے باوجود وہ چل نہیں پائے، جس کے بعدرحمان اللہ گرباز کو ایک ساتھی کرکٹر کمر پر اٹھا کر میدان سے باہر لے گیا۔
بعدازاں گیم ختم ہونے کے بعد شاہین اور بابر گُرباز کی خیریت دریافت کرنے ڈریسنگ روم بھی گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق گرباز کو زخمی ہونے کے بعد اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کا معائنہ کیا جائے گا۔
پاکستان اور افغانستان کے درمیان آج کھیلا جانے والا وارم اپ نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ہی بارش کے باعث ختم کردیا گیا۔
وارم میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے 29 رنز دے کر افغانستان کے دونوں اوپنرز کی وکٹ حاصل کی تھی۔
میگا ایونٹ میں پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے ساتھ ہوگا، جو 23 اکتوبر کو میلبرن میں کھیلا جائے گا، جس کے لئے بھارتی ٹیم نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
بھارتی بلے باز شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ساتھ نسیم شاہ اور حارث رؤف کی طوفانی بولنگ سے بچنے کی بھی پریکٹس کررہے ہیں۔
Dدوسری جانب آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں افغانستان کا انگلینڈ سے ہفتے کے روز میچ ہوگا۔