وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی قیادت کی ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
شہباز شریف نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہ توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ سے متعلق زیر التوا منصوبوں کی راہ میں رکاوٹیں دور کریں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی سمیت سرمایہ کاری کی صورت میں بھی پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔