Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 اکتوبر 2022 01:02pm

پرویز الہٰی کا پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے وفاق کی طرف سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں گندم کے موجودہ اسٹاک اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی، وزیرخوراک سردار حسنین بہادر دریشک، سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری زراعت، سیکرٹری خوراک، ڈائریکٹر خوراک اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں فاسفیٹ، گندم کے بیج اور درآمدی گندم پر سبسڈی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کی سبسڈی کے لئے قابل عمل اور بہتر طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب نے خود ادائیگی کرکے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم امپورٹ کرنے کی اجازت طلب کی تھی، سندھ اور دیگرصوبوں کو وفاق کی طرف سے امپورٹ کردہ گندم فراہم کی جاچکی ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ پنجاب سے اسلام آباد کو بدستور16ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کر رہا ہے، پنجاب میں مختلف وجوہات کی بنا پر رواں سال میں گندم کا سٹاک نسبتاً کم ہے تاہم پنجاب میں گندم کی قلت پیدا کرنے کی مذموم کاوش کی جارہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہباز شریف (ن) لیگ کو پنجاب سے نکالنے کا بدلہ عوام سے لینے کی سازش کررہے ہیں۔

Read Comments