امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ حکومت پر توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
ایک بیان میں حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ 23 اکتوبر بلدیاتی انتخابات کے روز پورا کراچی ووٹ ڈالے گا، ہم شہر کے حق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اور ہر فرد سمجھتا ہے کہ کراچی کے مسائل کا حل جماعت اسلامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کسی پارٹی کو چھوٹا بڑا نہیں کہتا، البتہ ہمارا مقابلہ ان نا اہلوں، مافیا کے ساتھ ہے جنہوں نے کراچی کو برباد کیا اور اس کے مینڈیٹ کی قدر نہیں کی۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی کو اون ہی نہیں کرتی، اس صوبائی حکومت کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی ہونی چاہئے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں رینجرز کے اہلکار تعینات ہوں گے لیکن الیکشن کو مزید شفاف بنانے کے لئے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے بھی عملے کو بلایا جائے۔