وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں انتظامی لحاظ سے 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادوکو نئے ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صوبے کے عوام سے کئے گئے وعد ے پورے کر دیئے ہیں، میں نے 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا اور یہ اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اورسابق وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے بھی خصوصی شرکت کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ 2018 میں حافظ عمار یاسر کے بڑے جلسے میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ اور تلہ گنگ کو ضلع بنا نے کی منظوری بھی میں نے دی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری نے کہا کہ مری، وزیرآباد اور کوٹ ادو کو بھی ضلع بنانے کی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندراور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور سینئرممبر بورڈ آف ریونیو نے پنجاب میں نئے اضلاع پر بریفنگ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور تعلیم،صحت اوردیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا جبکہ یہ فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔
اس کے علاوہ محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا ہے اور اگلے چند دنوں میں اس ضمن میں میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
تونسہ شریف، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے اراکین اسمبلی کا اضلاع کی منظوری پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اظہار تشکرکیا۔
اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ آپ کا یہ فیصلہ عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آپ نے عوام کے دیرینہ مطالبے کو مختصر مدت میں پورا کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔
سردارعثمان بزدار نے کہا کہ تونسہ شریف کو ضلع بنانے پر عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تونسہ شریف کے ضلع بننے سے علاقے کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی۔