فلسطین کے صدرمحمود عباس نے وزیراعظم شہباز شریف سے کی ملاقات کی، دونوں رہنما ایک دوسرے سے گرم جوشی سے بغل گیر ہوئے۔
شہبازشریف اورمحمود عباس کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا اور دونوں رہنماؤں کی جذباتی گفتگو اسلامی اخوت اوربھائی چارے کی مثال بن گئی۔
محمود عباس نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، پاکستانی ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں، پاکستانی ہمارے گھر کے لوگ ہیں، ہم نے اُن کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایسا نہ کہیں، فلسطین نے سیلاب زدگان کی جس طرح مدد کی بھول نہیں سکتے، پاکستان کبھی فلسطینیوں کو بھول نہیں سکتا، آپ کی کامیابی تک پاکستان آپ کے حق کے لئے آواز بلند کرتا رہے گا۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ ہم پاکستان کو کبھی بھی نہیں بھول سکتے، ایک سوسال سے ہم پاکستانیوں کو کبھی نہیں بھولے، مفتی فلسطین اپنی وفات تک پاکستان میں رہے، ان کی دیکھ بھال پاکستان نے کی، قیام پاکستان سے پہلے سے ہم پاکستانیوں کے ساتھ ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین ہمارے ایمان و یقین کا حصہ ہے، فلسطین ہمارے دل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کانفرنس میں پاکستان کی حمایت کرنے والے رہنماؤں میں آپ شامل ہیں، آپ کی حمایت اور جذبے پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔