ایف آئی اے کی جانب سے گرفتاری کے بعد عدالت میں پیشی کے موقع پر سینیٹر اعظم سواتی نے صحافیوں سے مختصر گفتگو میں دعویٰ کیا کہ پارلیمنٹرینز کو برہنہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس اور سکیورٹی اداروں کی تحویل میں اعظم سواتی سماعت کے بعد باہر نکلے تو ان کا گریبان کھلا ہوا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے آئین اور قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی اور صرف ایک شخصیت کانام لینے پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
سواتی نے کہا کہ انہیں ایف آئی اے نے گرفتار کیا جب کہ ایجنسیوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
پی ٹی آئی رہنما نے پرزور انداز میں کہا کہ ”پارلیمنٹرینز کے کپڑے نکالے جا رہے ہیں۔ قوم اور ملک کو بتا رہا ہوں۔ کل تمہارا حشر یہ ہوگا۔“
اس دوران سیکورٹی اہلکاروں نے پی ٹی آئی سینیٹر کو ایک کار میں بٹھا دیا۔