وزیرِاعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام عالئیوف سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں سیکا کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات و امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
پاکستان اور آذربائیجان کی قیادت نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سکیورٹی، زراعت، رابطے اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پراتفاق کیا۔
وزیراعظم نے آذری صدر کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جس پر صدر الہام علیوف نے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر پر آذربائیجان کے اصولی موقف کو سراہا جب کہ انہوں نے سابق نگورنو کاراباغ پر پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں دو طرفہ تعاون میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سستی توانائی کا حصول ہماری ترجیح ہے، انہوں نے وزیرمملکت مصدق ملک کو توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے سلسلے میں فوکل پرسن نامزد کردیا ہے۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلٰی سطحی وفود کے تبادلوں سے علاقائی روابط کے فروغ میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب وزیرِاعظم قازقستان کے صدر قاسم ژورمات توکائیف کی طرف سے سیکا میں شریک سربراہانِ ممالک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے میں شرکت کے لئے پہنچ گئے ہیں۔
عشائیے میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیئوف بھی وزیرِ اعظم اور صدر قازقستان کے ہمراہ عشائیے میں شریک ہیں۔ عشائیے سے قبل شہباز شریف قازقستان کی طرف سے ثقافتی پروگرام میں شریک ہوئے جس میں سیکا میں شریک وفود کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔