گزشتہ ہفتے جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے ایک چھوٹی بچی کے انتقال کی خبر دی اور اس سے محبت کا اظہار بھی کیا۔
اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں ملر نے اس بچی اور اپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا ’میں آپ کو بہت یاد کروں گا‘۔
انہوں نے انسٹاگرام کی اسٹوری میں لکھا کہ تمہیں بہت یاد کر رہا ہوں اور تمھاری کمی کو محسوس کروں گا کیونکہ تم ”لڑائی“ کو ایک مختلف سطح پر لے گئی۔
ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ملر نے اس بچی کی بہت ساری تصاویروں پر مبنی ویڈیو شیئر کی، جس کے کیپشن میں انہوں لکھا کہ میری چھوٹی راک اسٹار ، ہمیشہ تم سے پیار کروں گا ۔
تاہم اس پوسٹ کے بعد یہ خبر وائرل ہوئی ہوگئی کہ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈیوڈ ملر کی بیٹی انتقال کرگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے بھی ڈیوڈ ملر سے ان کی بیٹی کے انتقال پر تعزیت کی اور دکھ کا اظہار کیا لیکن دراصل معاملہ کچھ اور تھا ۔
یہ خبر جب متعدد ویب سائٹس پر چھپنے کے بعد سوشل میڈیا تک پہنچی تو دیگر صارفین نے لوگوں کو بتایا کہ یہ ایک جھوٹی خبر ہے۔
ابھیشیک کمار نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’وہ ان کی بیٹی نہیں تھی۔ لوگ یہ خبر پھیلا رہے ہیں کہ یہ ان کی بیٹی ہے‘۔
ابھیشیک نے انسٹاگرام سے ڈیوڈ ملر اور اس بچی کی ایک پانچ سال پرانی تصویر اٹھا کر ٹوئٹر پر لگائی اور کہا ’وہ (بچی) ان کی پرستار اور خیرخواہ تھی جسے ڈیوڈ ملر بہت پیار کرتے تھے اور وہ کینسر کے خلاف لڑائی ہار گئیں۔‘
این ڈی ٹی وی سے منسلک سپورٹس جرنلسٹ ابھیمنیو بوس نے بھی دیگر صارفین کو بتایا کہ وہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔
انہوں نے لکھا کہ ’یہ خبر دل توڑ دینے والی ہے لیکن اس کے باوجود ہمیں تصدیق کیے بغیر غلط معلومات نہیں شیئر کرنی چاہییں۔‘
نوٹ : ڈیوڈ ملر کی بیٹی کے انتقال سے متعلق خبر آج نیوز پر بھی پبلش کی گئی تھی جس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔